بسم اللہ الرحمن الرحیم

صاحب تفہیم القرآن مولانا سید ابوالاعلی مودودی رحمتہ اللہ علیہ رسالہ ترجمان القرآن میں کئی دہائیوں تک لوگوں کے سوالوں کے جوابات دیتے رہے، ان کی فکری گتھیوں کو سلجھاتے رہے اور قرآن و سنت، فقہاء کے فتاویٰ اور بعض جدید مسائل میں اجتہاد کی مدد سے عامتہ الناس کی رہنمائی کا فریضہ سرانجام دیتے رہے۔
سوال وجواب کے اس بیش بہا ذخیرہ کو استفادہ عام کے لیے رسائل و مسائل کے نام سے کتابی شکل میں شائع کیا گیا۔ اب تک کئی ایڈیشن شائع ہوکر قبولِ عام کا درجہ حاصل کر چکے ہیں ۔ رسائل و مسائل کی پہلی پانچ جلدوں میں مولانا مودودی رحمتہ اللہ علیہ کے جوابات شامل ہیں جبکہ چھٹی اور ساتویں جلد میں جسٹس ریٹائرڈ ملک غلام علی مرحوم کے جوابات موجود ہیں۔
بعد ازاں تحریک اسلامی سے وابستہ دیگر اسکالرز اور علماء و فقہاء نے ترجمان القرآن میں سوال و جواب کے اس قیمتی سلسلے کو آگے بڑھایا اور یہ سلسلہ تاحال جاری ہے۔
رسائل و مسائل کی ابتدائی جلدوں میں پوچھے گئے سوالات کو چند موضوعات کے تحت مرتب کیا گیا تھا۔ موضوعات محدود ہونے اور مختلف جلدوں میں موجود ہونے کی وجہ سے ایک عام قاری کو کسی مخصوص موضوع سے متعلق سوال و جواب کی تلاش میں دقت کا سامنا ہوتا تھا۔
راقم الحروف نے ان تمام سوالات کو بغور پڑھ کر ایک تفصیلی موضوعاتی اشاریہ مرتب کیا اور اسے ویب سائیٹ پر استفادہ عام کے لیے پیش کردیا۔ یونی کوڈ کی وجہ سے یہ سہولت بھی موجود ہے کہ کسی بھی لفظ کی مدد سے کسی بھی موضوع کو بآسانی تلاش کیا جاسکتا ہے۔
راقم کی شدید خواہش ہے کہ عصرحاضر میں اسلامی دنیا کے سب سے عظیم مفکر و مفسر و مصلح اور اسلامی انقلاب کے داعی مولانا سید ابوالاعلی مودودی رحمتہ اللہ علیہ کی تمام کتب کو یونی کوڈ پر سرچ کی سہولت کے ساتھ انٹرنیٹ پر دستیاب کیا جائے۔ ان شاء اللہ یہ خواب جلد شرمندہ تعبیر ہوگا۔
ان تمام تحریکی و غیر تحریکی احباب کا مشکور و ممنون ہوں جو راقم کے مختلف منصوبوں اور سرگرمیوں میں تعاون کرتے ہیں۔
اپنے قیمتی مشوروں سے ضرور نوازیں اور کہیں کوئی غلطی نظر آئے تو ضرور نشاندہی کریں۔

ڈاکٹر فیاض عالم
کراچی
[email protected]